راولپنڈی: میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ، آر ڈی اے نے مالی سال 2022-23 میں 565 ملین روپے کے ہدف کے مقابلے میں 851 ملین روپے حا صل کیے ہیں۔ آر ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ محکمہ کے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ نے رواں مالی سال 2022-23 کے دوران 558 ملین روپے اور پلاننگ ونگ نے 293 ملین روپے کی آمدنی حاصل کی ہے جو کہ محکمہ کی جانب سے کی جانے والی سب سے زیادہ وصولیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال آر ڈی اے سخت محنت کی وجہ سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں آر ڈی اے کے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ نے 1728 رہائشی منصوبوں اور 151 کمرشل پلانز کی منظوری دی ہے جو شہریوں کی جانب سے ون ونڈو آپریشن سنٹر، آر ڈی اے میں جمع کروائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے رواں مالی سال میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی کارروائیاں بھی کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، گھروں اور کمرشل مارکیٹوں سمیت غیر قانونی تعمیرات کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، محمد سیف انور جپہ نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کی کاوشوں کو سراہا اور تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری اور بے خوف وخطر سے کام کریں اور غیر قانونی و غیر منظور شدہ تعمیرات اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔