اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے ،ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے،آئی ایم ایف حیران تھا کہ پاکستانی معیشت 14 ماہ میں کیسے سنبھل گئی، ذرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، مہنگائی 38 فیصد سے سات فیصد پر آگئی ہے، چاروں وزرائے اعلی نے معیشت کی بہتری کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے معیشت کی بہتری کے لیے تمام شعبوں نے اپنا کردارادا کرنا ہے، وزیراعظم جلد معاشی میپ پیش کریں گے ، موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج درپیش ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر مالیاتی اداروں سے رابطہ رہتا ہے، امریکا میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین ، ترکیہ، برطانیہ کے وزرائے خزانہ کے ساتھ مفصل گفتگو ہوئی جب کہ امریکا میں موڈیوز ، فچ اور دیگر ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ مثبت گفتگو ہوئی، ان ملاقاتوں میں گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ بھی موجود رہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ آئی ایم ایف کا نہیں، پاکستان کا اپنا پروگرام ہے، عالمی مالیاتی ادارہ صرف مدد کررہا ہے جب کہ آئی ایم ایف حیران تھا کہ پاکستانی معیشت 14ماہ میں کیسے سنبھل گئی۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے وفد سے بات چیت مثبت رہی، ان کے ساتھ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر بات ہوئی جب کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، معیشت کی بہتری کے لیے مقررہ اہداف حاصل کریں گے اور تمام شعبوں میں اصلاحات جاری رہیں گی تاہم ملکی مفاد کے خلاف کوئی کام نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی اور یہ 38 فیصد سے 7 فیصد پر آگئی، اس کی بنیاد پر پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 15 فیصد پر آگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، سب ہمیں یہی کہہ رہے ہیں کہ آپ ملک میں میکرو اکنامک استحکام لے کر آئے ہیں، اب اس کو مزید آگے لے کر جائیں گے، انشاللہ وزیراعظم جلد معاشی روڈ میپ عوام کے سامنے رکھیں گے۔قبل ازیں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 ہزار 970ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف پورا کیا جائے گا، ٹیکس وصولیوں کو انفورسمنٹ اور انتظامی اقدامات سے بہتر کیا جائے گا، پاکستان نے پرائمری سرپلس کا ہدف کامیابی سے پورا کیا ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ نیشنل فسکل پیکٹ کو کابینہ نے منظور کیا ہے، اب این ایف سی پر نظرثانی کی ضرورت نہیں۔ فسکل پیکٹ کی منظوری کے لیے وزیراعلی سندھ کا خصوصی طور پر مشکور ہوں، جب بھی قومی مفاد کا معاملہ ہوا تو کے پی کو سب سے آگے پایا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کی بولی سے دھچکا لگا لیکن اس کو آگے بڑھائیں گے۔