LOADING

Type to search

ہری پور(بگ ڈیجٹ) عنوان : بول کے لب آذاد ہیں تیرے تحریر ملک رضوان چوہان ہری پور کا ایک خاموش ھیرو

Share this to the Social Media

عنوان : بول کے لب آذاد ہیں تیرے

تحریر ملک رضوان چوہان

ہری پور کا ایک خاموش ھیرو

آج پاک فضائیہ کے ایک ایسے قومی ہیرو پر لکھنا چاہتا ہوں جس نے خاموشی سے اپنا کام کیا، خاموشی سے ایئرفورس سے رخصت ہوا اور ایک دن اسی خاموشی سے دنیا بھی چھوڑ گیا۔ اس کے بارے میں میڈیا بھی ہمیشہ خاموش ہی رہا کیونکہ وہ ان میں سے نہ تھا جو اپنی پبلسٹی کے لئے جرنلسٹوں کو کرائے پر حاصل کئے رکھتے ہیں۔ ایئر چیف مارشل انور شمیم ہری پور میں پیدا ہوئے۔ 1952ء میں ایئر فورس جوائن کی۔ وہ 1965ء اور 1971ء کی پاک بھارت جنگوں کے ہیرو رہے اور 1978ء میں پاک فضائیہ کے سربراہ بنے۔ وہ ایئرفورس کے نہایت سخت گیر افسران میں سے رہے ہیں۔ ہر لمحے کچھ بڑا کرنے کو بیتاب رہنے والا یہ افسر جب پاک فضائیہ کا سربراہ بنا تو اس نے انگریزوں سے ورثے میں ملنے والی پاک فضائیہ کو آج کی ماڈرن پاک فضائیہ میں بدل ڈالا۔ امریکہ سے ایف 16 اور چائنہ سے اے 5 لڑاکا طیارے حاصل کرکےپرانے طیاروں کو چلتا کیا۔ پاک فضائیہ کا ہیڈ کوارٹر چک لالہ منتقل کیا اور کئی نئے ایئر بیس کھڑے کر دیے۔ بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ افغان وار کے دوران تینوں مسلح افواج میں سے صرف پاک فضائیہ تھی جس نے رشین ملٹری سے طویل دو بدو جنگ لڑی۔ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کی یہ جنگ جو انور شمیم کے دورانیے میں لڑی گئی اس لحاظ سے قابل تعریف ہے کہ پاک فضائیہ نے ان جھڑپوں میں آٹھ رشین لڑاکا طیارے مار گرائے جبکہ اس کا صرف ایک ایف 16 طیارہ تباہ ہوا جس کا پائلٹ فلائٹ لیفٹنٹ شاہد سکندر پیرا شوٹ کی مدد سے بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا یوں پاک فضائیہ کو اس جنگ کے دوران کسی جانی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ایئر مارشل انور شمیم کا دوسرا بڑا کارنامہ 1984ء میں کہوٹہ پر اسرائیل کے ممکنہ حملے کو ناکام کرنا ہے۔ انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ رات بارہ بجے کے بعد مجھے بیرون ملک سے کال موصول ہوئی کہ اسرائیل کے لڑاکا طیارے انڈیا کی طرف جاتے دیکھے گئے ہیں۔ میں نے فورا پاک فضائیہ کو ہائی الرٹ کے احکامات جاری کئے، فوری طور پر جنرل ضیاء کو آگاہ کیا اور ساتھ ہی ان سے ٹرامبے میں واقع بھارت کے بھابا نیوکلیئر پلانٹ کو جوابی حملے میں تباہ کرنے کی اجازت حاصل کرلی۔ رات دو بجے پوری پاک فضائیہ کا 80 فیصد سٹاف اپنی اپنی ڈیوٹی سنبھال چکا تھا اور ہمارے لڑاکا طیارے روالپنڈی اور اسلام آباد کی فضاؤں میں نچلی اور درمیانی سطح پر پرواز شروع کرچکے تھے۔ اس دوران بھارت کو ہماری تیاری کی اطلاع دیدی گئی یوں وہ اور اسرائیل اپنی حماقت سے باز آگئے۔ ایئر مارشل انور شمیم کا تیسرا اور نہایت ہی اہم کارنامہ یہ ہے کہ وہ پاکستان کے میزائل پروگرام کے بانیوں میں سے ہیں۔ ہماری باقاعدہ سٹریٹیجک کمانڈ فورس تو پچھلے بارہ سالوں کے دوران بنی ہے لیکن ایئر فورس کی سٹریٹیجک کمانڈ انور شمیم اسی کی دہائی میں بنا چکے تھے کیونکہ تیار ہوتے ایٹم بم کے استعمال کا پہلا ممکنہ آپشن پاک فضائیہ ہی تھی ۔ تب جنرل ضیاء نے پاکستان کے شروع ہوتے میزائل پروگرام کا چارج بھی اس سٹریٹیجک کمانڈ کے سپرد کردیا یوں منیر اے خان کا پروجیکٹ ایئر مارشل انور شمیم کی براہ راست نگرانی میں آ گیا۔ ہمارے میزائلوں کی پہلی نسل جو حتف سیریز کہلاتی ہے اور جس کا پہلا تجربہ 1989ء میں ہوا تھا یہ انور شمیم ہی کی محنت کا حاصل تھا۔ پروفیشنل ازم کے حوالے سے ان کے غیر متزلزل طرز عمل کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ 1982ء میں وہ پی اے ایف مسروربیس کراچی میں ہونے والی سالانہ پریڈ میں شرکت کے لئے آنے لگے تو احکامات بھجوادئے کہ پریڈ مذہبی ونگ کا افسر کروائے گا۔ ایئر فورس کے مذہبی ونگ کے افسران علماء ہی ہوتے ہیں اور وہ ان ایکٹوٹیز سے مستثنیٰ ہوتے ہیں۔ تب مسرور بیس پر سکوارڈن لیڈرمولانا فضل اللہ مذہبی ونگ کے سربراہ تھے۔ ان تک یہ احکامات پہنچے تو وہ ہکا بکا رہ گئے لیکن ساتھ ہی یہ بھی بتادیا گیا کہ باس کے آڈرز ہیں کہ ایئرفورس کا کوئی بھی وردی پوش افسر اب کسی بھی چیز سے مستثنیٰ نہیں ہوگا۔ پریڈ کروایے یا وردی اتارنے کی تیاری کیجئے۔ سکوارڈن لیڈر مولانا فضل اللہ صاحب نے اگلے ایک ہفتے میں پریڈ کی تربیت لی اور ایسی پریڈ کروائی کہ انورشمیم سے انکی تقریر میں داد بھی پائی۔ پریڈ کا یہ واقعہ میں ذاتی طور پر جانتا ہوں کیونکہ اس زمانے میں میرے والد مرحوم مسرور بیس کے خطباء میں شامل تھے۔ مجھے آج بھی یاد ہے فضل اللہ صاحب پریڈ کے اگلے روز ہمارے گھر آئے تھے اور والد صاحب سے فرما رہے تھے “پریڈ کراتے ہوئے میری ٹانگیں کانپ رہی تھیں” ۔۔ ایئر چیف مارشل انور شمیم کو ان کی اہمیت کے سبب بار بار ایکسٹنشنز دی گئیں، وہ تقریبا سات سال پاک فضائیہ کے سربراہ رہے اور 1985ء میں ریٹائر ہوئے۔ وہ پاکستانی ملٹری کی تاریخ میں سب سے زیادہ فوجی اعزازات پانے والے افسران میں سے ہیں۔ انکے بڑے اعزازات میں ستارہ امتیاز (ملٹری) ہلال امتیاز (ملٹری) نشان امتیاز (ملٹری) اور ستارہ جرات شامل ہیں جبکہ عرب اسرائیل جنگ کے بعد ڈیپوٹیشن پر اردن میں رہتے ہوئے اردن کی فضائیہ کو از سر نو بحال کرنے پر انہیں اردن کی طرف سے الاستقلال ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں امریکہ کی جانب سے Legion of Merit (ملٹری) ایوارڈ بھی دیا گیا جو پاک فضائیہ کو دنیا کی صف اول کی ایئرفورسز میں لا کھڑا کرنے کے اعتراف میں تھا۔ ایئر چیف مارشل انور شمیم چار جنوری 2013ء کو اکیاسی برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *