اسلام آباد(آئی پی ایس ) احسن اقبال کی زیر قیادت سول سروسز ریفارم کمیٹی ملک کی سول بیوروکریسی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحات کے ایک پیکیج کو حتمی شکل دے رہی ہے جس میں پیشہ ورانہ خدمات، نئے کیڈرز کو متعارف اور جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مثر تربیت پر توجہ مرکوز رکھی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے اپنا بیشتر کام کر لیا ہے اور توقع ہے کہ چند ہفتوں میں یہ کام مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد ہر فن مولا افسران پر مشتمل دہائیوں پرانے فرسودہ نظام کو جاری رکھنے کے بجائے خصوصی پیشہ ورانہ سول سروسز کو متعارف کرانا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس کے ایک امتحان کے بجائے اصلاحاتی کمیٹی تکنیکی خدمات اور سول سروسز کے کیڈرز میں پیشہ ورانہ لحاظ سے اہل افراد کو بھرتی کرنے کیلئے کلسٹر امتحانات متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی آئی ٹی کیڈر، انجینئرنگ کیڈر، لیگل کیڈر وغیرہ جیسے نئے اسپیشلائزڈ گروپس سول سروس میں متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔