LOADING

Type to search

تل ابیب (بگ ڈیجٹ) اسرائیل کے معزول وزیر دفاع نے نیتن یاہو کے عزائم، ہٹ دھرمی کا بھانڈا پھوڑ دیا

Share this to the Social Media

تل ابیب:اسرائیل کے معزول وزیر دفاع یوو گیلنٹ کا کہنا ہے کہ فوج نے غزہ میں اپنے تمام مقاصد حاصل کر لیے ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے مشورے کے خلاف یرغمالیوں کے لیے امن معاہدے کو مسترد کر دیا ہے۔
دی گارجین کے مطابق نیتن یاہو کی جانب سے برطرف کیے جانے کے 2 دن بعد یرغمالیوں کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے گیلنٹ نے کہا کہ غزہ میں کرنے کے لیے کچھ نہیں بچا ہے اور اہم کامیابیاں حاصل کرلی گئی ہیں۔
گیلنٹٹ نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج وہاں محض اس لیے ٹھہری ہوئی ہے کیوں کہ یہ ان کی خواہش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ خیال کہ غزہ میں رہنے سے استحکام آئے گا محض ایک خام خیالی تھی اور اس طرح اس نے اپنے فوجیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا۔
معزول وزیر دفاع نے کہا کہ یرغمالیوں کے معاہدے کے حوالے سے وزیر اعظم کے تحفظات نہ فوجی ہیں اور نہ ہی سیاسی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاہو واحد شخص تھے جو حماس کے قیدی رہا کرنے کے بدلے اپنے یرغمالی رہا کرواسکتے تھے اور ایک جنگ بندی بھی ہوسکتی تھی۔
جو بائیڈن انتظامیہ مئی کے بعد سے اس طرح کے معاہدے کی ثالثی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جب امریکی صدر نے مرحلہ وار معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسے نیتن یاہو حکومت نے قبول کر لیا ہے لیکن اسرائیلی وزیر اعظم نے خود کو اس معاہدے سے دور کرلیا۔
اتحادی حکومت سے گیلنٹ کی علیحدگی کے بعد ان کی صورت میں نیتن یاہو کے آخری بڑے حریف اور آخری اعتدال پسند رہنما بھی سخت دائیں بازو کی کابینہ سے جدا ہوچکے ہیں۔
جمعرات کو ایک بل بھی منظور کیا گیا ہے جسے نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے ایک رکن نے پیش کیا۔ اس کے تحت دہشت گردی کے جرائم کے مرتکب ہونے والے کسی بھی شخص کے قریبی رشتہ داروں کو ملک بدر کیا جاسکے گا خواہ جلاوطن شخص اسرائیلی شہری ہی کیوں نہ ہو۔اگرچہ قانون کے متن میں اس کی وضاحت نہیں کی گئی ہے لیکن بڑے پیمانے پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ نئے قانون کا اطلاق اسرائیل کے فلسطینی شہریوں پر کرنا ہے نہ کہ سزا یافتہ یہودی دہشت گردوں کے
حماس کے زیر انتظام صحت کے حکام کے اندازوں کے مطابق گزشتہ 13 ماہ کے دوران غزہ میں اسرائیلی بمباری کے دوران 43 ہزار سے زیادہ فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسی عرصے کے دوران لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن کی اکثریت کو گزشتہ 6 ہفتوں میں موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *