وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت ختم ہونے میں ایک مہینہ رہ گیا ہے، تجارتی خسارے کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔
شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کاسنگ بنیاد رکھ دیا اور نوجوانوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں اصلاحات کے لئے کوششیں جاری ہیں، نوجوانوں کو ہنر مند بنانا موجودہ وقت کی کامیابی کی کنجی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے یونیورسٹی انتطامیہ ادارے کو آگے لیکر جائے گی، ہنر کسی بھی میدان میں بہترین ہتھیار کا کام کرتا ہے، لہٰذا امید ہے ہنرمند نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے دور میں ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ دی، 1997 میں بھی ہنر سیکھنے اور سکھانے کے منصوبوں پر کام کیا، البتہ کسی بھی کام کو شروع کرنے کے لئے وسائل درکار ہوتے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن ضروری ہے، 2008 میں پنجاب انڈوومنٹ فنڈ بنایا، غریب بچوں کی معیاری تعلیم کے لئے دانش اسکول بنائے تاہم علماء نے ذکوۃ فنڈ کے استعمال پر اعتراض کیا۔