وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کے اسمبلی تحلیل کرنے کے ممکنہ پلان کو ناکام بنانے کیلئے اپوزیشن اراکین نے تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
وزیراعلیٰ خالد خورشید کیخلاف تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کے 9 اراکین نے جمع کرائی تاکہ حکمران جماعت کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کا ممکنہ منصوبہ ناکام بنایا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خالد خورشید گلگت بلتستان اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے غور کررہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیخلاف چیف کورٹ میں جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کی درخواست پر سماعت بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی غلام شہزاد آغا نے وزیراعلیٰ خالد خورشید کی ڈگری کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے آئین پاکستان کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ان کی نااہلی کی استدعا کی ہے۔
درخواست گزار نے اپنے وکیل امجد حسین کے ذریعے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ کی جمع کرائی گئی ڈگری کی لندن یونیورسٹی سے تصدیق نہیں ہوئی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے اسے جعلی قرار دیا ہے۔