تحریر: ریحان خان
ڈاکار، بدھ، اپریل 23، 2025 (بگ ڈیجٹ): سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امداد و ریلیف مرکز (کے-ایس-ریلیف) نے سینیگال میں بچوں کے لیے کوکلیئر امپلانٹ اور سمعی بحالی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ’سعودی ہیئرنگ‘ کے عنوان سے ایک رضاکارانہ طبی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
بدھ کو (کے-ایس-ریلیف)کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ پروگرام منصوبہ بندی و ترقی کے لیے ادارے کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل ڈاکٹر عقیل الغامدی نے باقاعدہ طور پر افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں متعدد اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ پروگرام میں مختلف طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 14 رضاکار شریک ہیں۔
’سعودی ہیئرنگ‘ پروگرام سعودی عرب کے عالمی انسانی مشن کا حصہ ہے، جو (کے-ایس-ریلیف) کے ذریعے دنیا بھر کے پسماندہ طبقات کو طبی معاونت فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ان افراد اور طبقات کی مدد کے لیے سعودی عرب کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے جو بحرانوں اور مشکلات سے متاثر ہیں۔