اسلام آباد (سٹی رپورٹر)اسلام آبادکے اراکین پارلیمنٹ کی پبلک سیکرٹریٹ خداداد ہائیٹس پر سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حوالے سے کھلی کچہری رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان ، ایم این اے چیف وہیپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، ایم این اے ملک ابرار احمد کی شرکت ،اسلام آباد کے متاثرین سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے پارلیمنٹرینز کو مسائل بتائے،اراکین پارلیمنٹ ایم این اے انجم عقیل خان ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، ملک ابرار احمد نے شرکاء سے خطاب کیا ، انجم عقیل خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن سے متعلق مقامی لوگوں کے مسائل سے واقف ہیں ، اسلام آباد کے مقامی لوگ اپنے حقوق کے لیے 1968 اور 1982 سے سی ڈی اے کی راہ دیکھ رہے ہیں ، سی ڈی اے بورڈ کے حالیہ فیصلے کو جس کی خبروں میں گردش ہے اس پر کسی صورت عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے، اسلام آباد میں سی ڈی اے سے متعلق نئی قانون سازی کی ضرورت ہے جس کا فوری اطلاق ہو گا تاکہ مقامی زمینداروں کو جن کی زمینیں ایکوائر کی گئیں ان کو فوری حقوق اور واجبات کی فراہمی ممکن ہو، سی ڈی اے چیئرمین بہت اچھے انسان ہیں انہوں نے میٹنگ میں متاثرین اسلام آباد کے حوالے سے مشاورت سے تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، انشاء اللہ اپنے بھائیوں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، راجہ خرم نواز اور ملک ابرار احمد کے ساتھ ملکر کر اسلام آباد کے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے، اسلام آباد میں سی ڈی اے ، ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور دیگر وفاقی اداروں سے متعلق مسائل ایک چھت کے نیچے حل کرنے کے لیے ایک جامع پروگرام لا رہے ہیں ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کیڈ منسٹری کے خاتمے کے بعد اسلام آباد کے مسائل آٹھ وزارتوں سے جڑے ہیں ان کو اسلام آباد کونسل یا کسی ایک اتھارٹی کے تحت لا رہے ہیں ، اسلام آباد سی ڈی اے متاثرین کے تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہیں انشاء اللہ ہم تینوں ایم این ایز آپ کی آواز قومی اسمبلی تک پہنچا رہے ہیں اور پہلے بھی پہنچائی ہے، ملک ابرار احمد نے کہا کہ متاثرین سی ڈی اے اور متاثرین ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے تمام مسائل کے حل کے لیے ہم سب موجود ہیں اور جلد اسلام آباد کے مکینوں کو اس حوالے سے جامع پروگرام مل جائے گا، کھلی کچہری میں اسلام آباد کے تمام سیکٹرز سے متاثرین کی کثیر تعداد موجود تھی۔